پشین سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ،2 دہشت گرد ہلا ک،متعدد زخمی

فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پشین کے سنزلہ پہاڑ میں کیا،ہلاک دہشت گرد رسالدار لیویز حمیداللہ کی شہادت میں ملوث تھے،ڈپٹی کمشنر

پشین( نیوز ڈیسک ) سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن،2 دہشت گرد ہلا ک،متعدد زخمی ہوگئے،فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پشین کے سنزلہ پہاڑ میںکیا،ڈپٹی کمشنر نے لیویز اہلکار کو شہید کرنے والے دونوں دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے ان کا کہنا تھا کہ پشین میں آپریشن میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔
ہلاک دہشت گرد رسالدار لیویز حمیداللہ کی شہادت میں ملوث تھے۔ چنگان شہر پنجگور میں ملزموں کی فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہو گیاتھا۔ ملزم لیویز اہلکار کو اغوا کرنے آئے تھے جس پر مزاحمت کے دوران فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید ہوا تھا۔یاد رہے کہ چند روز قبل5 اور 6 اپریل کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا تھا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اسد حسرت سمیت 2 دہشت گردوں مارے گئے تھے۔
قبل ازیں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد کر لیاتھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔اس سلسلے میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا تھا۔
بیان میں بتایا گیا تھاکہ علاقے میں پائے جانے والے دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا گیا تھا کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔گزشتہ روز ہی سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان، پنجگور اور شمالی وزیرستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔