اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) پاکستان کی 16 ویں قومی اسمبلی وجود میں آنے کے بعد پارلیمنٹ کا پہلا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سپیکر قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت کریں گے، صدر آصف زرداری مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے چیف جسٹس، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور سفراء کو دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس کو مدعو کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے آج ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل، ایم ڈبلیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتیں احتجاج میں شریک ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق مبینہ انتخابی دھاندلی، مہنگائی کیخلاف اور آئین کی بالادستی کیلئے ہونے والے احتجاج میں شرکت کیلئے اپوزیشن ارکان کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔