جنگل کے قانون سے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے، بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں، بادشاہ چاہتا ہے تو پانچ دن میں ہمیں تین کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے۔ جیل میں صحافیوں سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہو جاتے ہیں اور جب بادشاہ چاہتا ہے تو پانچ دن میں ہمیں تین کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے، جنگل کے قانون سے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، قرض لینے سے معیشت اور کرنسی مستحکم نہیں ہو سکتی، آئی ایم ایف کے قرض سے ملک میں مہنگائی کی لہر آئے گی، تنخواہ دار، غریب آدمی مارا جائے گا، میرا جینا مرنا ملک میں ہے، آخری بال تک لڑوں گا، عوام کے حقوق، آزادی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے لڑتا رہوں گا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر جنگل کے بادشاہ کا نام لیا تھا تو عدالت میں اضافی شیشے اور دیواریں بنا دی گئی ہیں، ملک میں وہ قانون ہے جو جنگل کا بادشاہ چاہتا ہے، بہاولنگر واقعہ سے یہ ثابت ہو گیا، ملک میں نہ آئین کی حکمرانی ہے نہ قانون کی اور نہ ہی جمہوریت ہے، بہاولنگر میں قانون توڑ کر پولیس کو پھینٹا لگایا گیا، آئی جی اور وائسرائے نے معافی مانگ لی، وائسرائے نے کہا یہ ہمارے بھائی ہیں، ایسا سلوک بھائیوں سے نہیں غلاموں سے کیا جاتا ہے، طاقتور نے پھینٹا بھی لگوایا اور معافی بھی منگوائی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میری بیوی کی طبعیت خراب ہے، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق اینڈوسکوپی ٹیسٹ نہیں کروایا جارہا، 6 سال سے میری بیوی بیمار نہیں ہوئی اب 4 ہفتے سے بیمار ہے، مکمل طبی معائنہ نہیں ہو رہا، میری بیوی کی صحت کا معاملہ سیریس ہے، اس کے ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا جائے، ظاہری معائنے سے کچھ معلوم نہیں ہو سکتا، ٹیسٹ ہوں گے تو حقائق سامنے آئیں گے، مجھے پتا ہے اس سب کے پیچھے کون ہے، ہمیں حکومت سے خطرہ ہے، حکومتی ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں کر سکتے، عدالت ڈاکٹر عاصم یونس سے معائنہ کروانے کا حکم دے، عدالت ڈاکٹر عاصم کو طلب کرے ان سے بشریٰٰ بی بی سے متعلق رائے لے۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اڈیالہ جیل میں سماعت کے اختتام پر جج ناصر جاوید رانا سے مکالمے کے بعد جج ناصر جاوید رانا نے کل 12 بجے ڈاکٹر عاصم یونس سے قائد پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا حکم دے دیا۔