قاضی فائز عیسی حکومت اور طاقتور حلقوں کے مقاصد کے حصول کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، ضمنی انتخابات کے بعد ان کی مدت ملازمت کی توسیع کا بل سامنے آجائے گا۔ رؤف حسن کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو فکسڈ چیف جسٹس بنانے کی تیاریاں جاری ہیں، ضمنی انتخابات کے بعد قاضی فائز عیسی کی مدت ملازمت کی توسیع کا بل سامنے آجائے گا، قاضی فائز عیسی حکومت اور طاقتور حلقوں کے مقاصد کے حصول کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں اس لیے ان کی توسیع کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت طاقتور لوگوں کے اشاروں پر عدلیہ کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے، اطلاع آ رہی ہیں کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کی جا رہی ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو فکسڈ چیف جسٹس بنانے کی تیاریاں جاری ہیں، آنے والے دنوں میں پارلیمنٹ سے اس کا پرپوزل دیا جائے گا، ہم اس پرپوزل کو پوری طاقت سے روکنے کی کوشش کریں گے۔
رؤف حسن کا کہنا ہے کہ 76 سالوں سے اس ملک کا ریپ کیا گیا ہے اور آج بھی ریپ کرنے والے حکومت پر براجمان ہیں، ریاست اس وقت گراؤٹ کا شکار ہے، نت نئے طریقوں سے عدالتوں میں انصاف کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں، رضوان عباسی ٹاؤٹ وکیل کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، آج عدالت پیش ہو کر دھمکی لگائی کہ 4 ہفتوں کا وقت دیں، اپنے دلائل کے دوران ہی عدالت سے فرار ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو ادارے ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہیں، قاضی فائز عیسی کے آنکھیں، کان اور زبان بند ہے، ہمارے ورکرز کو پولیس نے اٹھایا، ایجنسیوں کے حوالے کیا گیا اس وقت کسی ادارے کو قانون کی خلاف ورزی نظر نہیں آئی، ہمارے اوپر 9 مئی کی تلوار لٹکائی ہوئی ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ اس کو جوڈیشل انکوائری کروائیں، کون انکوائری نہیں ہورہی لیکن سزائیں سنا دی گئی ہیں، جس طرح جی ایس او کے گھر پر چھاپہ مارنے پر داد رسی کی گئی کیا پی ٹی آئی کے ورکرز کی بھی داد رسی کی جائے گی؟۔