باہر کا نہیں وفاق سے اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ مانگ رہے ہیں، وفاق چیف سیکرٹری کی تعیناتی کو متنازعہ بناکر سیاسی طور پراچھال رہا ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا بیان
پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، باہر کا نہیں وفاق سے اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ مانگ رہے ہیں، وفاق چیف سیکرٹری کی تعیناتی کو متنازعہ بناکر سیاسی طور پراچھال رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری تعیناتی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اتوار کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر وفاق کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیئے، مرضی کی ٹیم ساتھ رکھنا وزیر اعلیٰ کا حق ہوتا ہے، جس طرح صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کو مرضی کے چیف سیکرٹریز دئیے گئے تو خیبرپختونخوا کو کیوں نہیں دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکرٹری اچھے اور قابل بیوروکریٹ ہیں، ہمیں ان سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، صوبہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے تو ہم افسران بھی اپنی مرضی کے لگانا چاہتے ہیں کیوں کہ صوبے میں حکومت ہم نے ان ہی افسران کے ذریعے چلانی ہے۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر بات کی تھی لیکن وفاق معاملے کو متنازعہ بناکر سیاسی طور اچھال رہا ہے، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے حالاں کہ ہم ان سے باہر کا نہیں بلکہ اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ مانگ رہے ہیں۔