وزیراعلیٰ سندھ سے نیول چیف کی ملاقات، پیشہ ورانہ امور پر بات چیت

کراچی: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان نیوی کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی نیوی کا شہر ہے، کراچی ساحل سمندر پر ہونے کے باعث اس کو ہم میری ٹائم شہر کہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نیوی کی سندھ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں گراں قدر خدمات ہیں، سیلاب کے دوران دیگر فورسز کے ساتھ پاکستان نیوی نے سندھ کے عوام کی بھرپور مدد کی۔

دوران ملاقات نیول چیف نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور سندھ حکومت کے پاکستان نیوی کے ساتھ ہمیشہ تعاون کو سراہا۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی سندھ کی ساحلی پٹی پر تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کے کام سرانجام دیتی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے نیول چیف کو اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کئے جبکہ نیول چیف نے وزیراعلیٰ سندھ کو پی این ایس یرموک شپ کا ماڈل پیش کیا۔