وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا

کمیٹی کے اجلاس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں نجکاری پالیسی کی تشکیل کی سمری پیش کی جائے گی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا، کمیٹی کے اجلاس میں 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں نجکاری پالیسی کی تشکیل کی سمری پیش کی جائے گی۔اجلاس میں نجکاری پروگرام کی موجودہ صورتحال کاجائزہ ایجنڈے میں شامل، اجلاس میں نجکاری کے جاری پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو کئی سرکاری اداروں کی نجکاری کے حوالے سے مکمل یقین دہائی کروائی تھی جس کے تحت ملک کے 25اداروں کو نجکاری کی فہرست میں شامل کیا گیاہے جس میں سرفہرست پاکستان ائیر لائن (پی آئی اے )شامل ہے ۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے)کی نجکاری کیلئے 3مئی تک بولیاں طلب کر لی تھیں۔
نجکاری کیلئے کامیاب بولی دہندہ کو پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول بھی دیا جائے گا اور 24 جون تک نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔نجکاری کمیشن کے مطابق 51سے 100فیصد حصص کے حصول کیلئے درخواست دی جاسکتی ہیں، سال 2023 میں پی آئی اے میں 2 کروڑ سے زائد مسافروں نے سفر کیا تھا۔نجکاری کمیشن کا کہنا تھاکہ پی آئی اے کے پاس97 منافع بخش انٹرنیشنل روٹ ہیں اور ایک ہفتے میں پی آئی اے 260 پروازیں آپریٹ کرتی ہے، پاکستان میں فضائی سفرکرنے والوں میں5.5 فیصدکاسالانہ اضافہ ہوتاہے۔
اس سے قبل قومی ایئرلائن پی آئی اے کے تمام خسارے، واجبات اور قرضے ختم جبکہ بیلنس شیٹ کلیئر ہو گئی تھی۔قومی ایئرلائن کے تمام خسارے، واجبات اور قرضے ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کردیئے گئے تھے۔ ہولڈنگ کمپنی کے پاس پی آئی اے کے واجبات اور قرض ادا کرنے کی ذمہ داری ہو گی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی آئی اے کی نجکاری کیلئے کئی قانونی رکاوٹیں دور کردی گئی تھیں اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی توثیق کی تھی۔