لاہور: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سکولوں میں درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفامز کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ 41 فیصد درسی کتب کی فراہمی مکمل ہو گئی ہے جبکہ مئی تک تمام سکولوں میں کتابیں مہیا کر دی جائیں گی۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ تعلیمی سال فروری میں درسی کتب فراہم کر دی جائیں گی، ہر ضلع میں سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کیلئے نیا میکانزم ٹیسٹ، انٹرویو، کمپیوٹر ایجوکیشن کے امتحان کے بعد سلیکشن ہو گی، لمز سے ٹریننگ بھی کروائی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ سی ای او، ڈی ای اوز اور ڈی ڈی ای اوز کی سلیکشن کے جامع طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے، سرکاری سکولوں میں سپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی کہ ہر ضلع کے ایک سکول میں سپیشل بچوں کیلئے تعلیم و تدریس کی سہولت مہیا کی جائے، سرکاری سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کلاسز کا بھی آغاز کیا جائے۔
اجلاس میں سکول ایجوکیشن کے تمام معاملات سینٹرل باڈی کے ذریعے چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق مجوزہ اتھارٹی پنجاب ایجوکیشن ٹیچر اینڈ کریکولم ڈویلپمنٹ، سکول ڈویلپمنٹ، ٹیچر ٹریننگ، نصاب کی تشکیل، ٹیسٹنگ اینڈ اسسمنٹ، لرننگ آؤٹ کمز کا کام کرے گی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا “سکول اولمپکس” کروانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈویژنل لیول پر ٹرانسجنڈرز کیلئے سکول قائم کیے جائیں گے۔ سکولوں میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی پر نئی سٹوری کتاب بھی تیار کر لی گئی ہے جو اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی۔