سراج الحق کو 2014ء میں جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا تھا، ان کی مدت امارات 8 اپریل کو ختم ہو جائے گی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے نئے امیر منتخب ہو گئے، سراج الحق کو 2014ء میں جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا تھا، ان کی مدت امارات 8 اپریل کو ختم ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کثرت رائے سے نئے امیر جماعت اسلامی منتخب ہوگئے۔ مرکزی شوریٰ ارکان کی جانب سے جماعت کی رہنمائی کے لئے تین نام پیش کئے گئے تھے، ان میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل تھے، فیصلہ ارکان جماعت اسلامی کی اکثریت نے کیا۔
امیر کے انتخاب کیلئے جماعت اسلامی کے 45 ہزار کارکنان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ بتایا گیا ہے کہ جماعت اسلامی میں ہر پانچ سال بعد امیر کا انتخاب ہوتا ہے، اس لیے حافظ نعیم الرحمان 2029 تک جماعت کے امیر رہیں گے۔
واضح رہے کہ سراج الحق کو 2014ء میں جماعت اسلامی کا امیر منتخب کیا گیا تھا، وہ دس سال اس ذمے داری پر فائز رہے، ان سے پہلے سید منور حسن، قاضی حسین احمد، میاں طفیل محمد اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی اس ذمے داری پر فائز رہے، جماعت اسلامی کی بنیاد سید ابوالاعلیٰ مودودی نے 1941ء میں رکھی تھی۔
جبکہ جماعت اسلامی کے نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ 1972 میں حیدرآباد، سندھ میں ایک متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ ان کے والدین کا آبائی تعلق علیگڑھ سے تھا۔ وہ نارتھ ناظم آباد کراچی میں کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ انہوں نے نے جامع مسجد دارالعلوم، لطیف آباد کراچی یونٹ 10 سے حفظ کیا ۔
ابتدا ئی تعلیم نورالاسلام پرائمری اسکول، حیدرآباد سے حاصل کی اور میٹرک علامہ اقبال ہائی اسکول سے کیا۔ حیدرآباد سے میٹرک کے بعد حافظ نعیم الرحمن کی فیملی کراچی منتقل ہوگئی۔ انہوں نے پاکستان شپ اونرز کالج سے انٹرمیڈیٹ کیا۔ انہوں نے ملک کی معروف درس گاہ این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ای سول انجینئرنگ میں کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اسلامک ہسٹری میں ماسٹرز بھی کیا ہے۔
زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور ایک فعال اور متحرک طالب علم رہنما کے طور پر اپنی شناخت منوانے میں کامیاب ہوئے ۔ طلباء حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر وہ گرفتار بھی ہوئے اور مختلف مواقع پر تین بار جیل کاٹی۔ اسلامی جمعیت طلبہ کراچی اور پھر صوبہ سندھ جمعیت کے ناظم بھی رہے۔ انہیں 1998 میں اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ یعنی مرکزی صدر منتخب کیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان دو سال اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ رہے۔اسلامی جمعیت طلبہ سے فراغت کے بعد انہوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور عملی سیاست میں قدم رکھا۔ سن 2001 کے شہری حکومتوں کے انتخابات میں انہوں نے ضلع وسطی کراچی کی ایک یونین کونسل سے نائب ناظم کا الیکشن لڑے اور کامیاب ہوئے۔ حافظ نعیم الرحمان لیاقت آباد زون کے امیر جماعت اسلامی، ضلع وسطی کے نائب امیر، کراچی جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری اور نائب امیر بھی رہے ۔ 2013 میں انہیں جماعت اسلامی کراچی کا امیر پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا۔