پاکستان فلسطینی عوام کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا : وزیراعظم

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد اے اے ربی نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر اعظم نے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کی جانب سے ان کے دوسری بار وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فلسطین کے ساتھ تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان تسلسل سے مسئلہ فلسطین کی اقوام متحدہ ،او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اعظم نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں تسلسل سے جاری حالیہ اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اور معصوم فلسطینیوں پر یہ اسرائیلی بربریت فی الفور بند ہونی چاہیے ، انہوں نے 17 ہزار بچوں سمیت 32 ہزار فلسطینیوں کی بہیمانہ اموات پر تعزیت کا اظہاراور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں سے 70 ہزار زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کیس دائر کرنے اور اس فورم پر فلسطین کی حمایت میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا، پاکستان نے غزہ کے عوام کے لئے امدادی سامان کی 7 قسطیں ارسال کی ہیں جبکہ مزید ایک عید کے بعد بھیجی جائے گی۔

فلسطینی سفیر نے وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطین کے عوام کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اس سے فلسطینیوں کا حوصلہ بلند ہواہے۔