سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو دل کی تکلیف،دوبارہ پمز ہسپتال میں داخل

پرویز الٰہی کی طبیعت سنبھل نہ سکی ،میڈیکل بورڈ ان کا مکمل طبی معائنہ کریگا،ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ کئے جائیں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدسابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو دل میں تکلیف کے باعث دوبارہ پمز ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے،پرویز الٰہی کی طبیعت سنبھل نہ سکی ،میڈیکل بورڈ ان کا مکمل طبی معائنہ کریگا۔تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال میںپرویزالٰہی کے ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ کئے جائیں گے۔
پرویزالٰہی کوامراض قلب کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کاطبی معائنہ کررہے ہیں۔پرویزالٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گرنے سے زخمی ہوگئے تھے اور ان کوچہرے،کندھے اور پسلیوں پر شدید چوٹیں آئیں تھیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو پمز اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چند روز قبل اڈیالہ جیل میں گرنے سے زخمی ہوگئے تھے۔
واش روم میں گرنے کی وجہ سے پرویز الٰہی کے سر، کمر اور آنکھ پر زخم آئے تھے۔سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی آنکھ کے اوپر چوٹ کا نشان بھی تھا۔ پرویزالٰہی کوچند روز قبل رات کو پسلیوں میں درد کی شکایت رہی تھی جس کیلئے ڈاکٹرز ان کو درد کم کرنے کیلئے پین کلر دی تھیں۔ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ پسلیوں میں درد کی وجہ سے پرویزالٰہی کو بیٹھنے میں مشکل ہورہی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی پسلیوں میں فریکچر ہے اور ان کی آنکھ کے اوپر چوٹ کا نشان ہے، پرویز الٰہی کو امراض قلب سمیت دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں جس کے بعدان کو افسر وارڈ میں کمرہ نمبر 15 آلاٹ کر دیا گیاتھا۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہناتھا کہ پرویزالٰہی کو مزید چند دن ہسپتال میں رکھا جائیگا۔اس سے قبل لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کو 4 اپریل کو فردِ جرم کیلئے طلب کیا تھا۔
جج ارشد حسین نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیاتھا۔عدالت کے تحریری حکم کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹس جمع کرائی گئی تھی جن کے مطابق 17 مارچ کو پرویز الٰہی واش روم میں گر گئے تھے۔تحریری حکم میں عدالت کا کہناتھا کہ گرنے کی وجہ سے پرویز الٰہی کی پسلی فریکچر ہوگئی تھی۔ میڈیکل افسر نے پرویز الٰہی کو 2 ہفتوں کے ریسٹ کا مشورہ دیا تھا۔