صدر مملکت آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات

چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اوران کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) صدر مملکت آصف علی زرداری سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی،چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کو پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم مینرنے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا اور روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔
چیف آف آرمی سٹاف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

آصف زرداری نے ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کیا۔آرمی چیف نے صدر مملکت کو دہشتگردی کیخلاف جاری فوجی آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے وزیراعظم ہاوٴس میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم ہاوٴس آمد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیاتھا۔ملاقات میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ امور اور سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا تھا۔