بشریٰ بی بی کو زہر دینے کے معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمات میں ناجائز طور پر قید میں رکھا ہوا ہے، ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق خاتون اول محترمہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی اور خصوصی طبّی معائنے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کے معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جھوٹے اور بےبنیاد مقدمات میں ناجائز طور پر قید میں رکھا ہوا ہے۔
ایکس پر جاری ترجمان پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے محترمہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی اور خصوصی طبّی معائنے کا مطالبہ کیا ہے، بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے کی فوری تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ ایلیہ بالکل لغو، جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں بالکل ناجائز طور پر قید میں ہیں، دورانِ قید دونوں بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کی سلامتی کو خطرے میں ڈال کر ان کے بنیادی حقوق غصب کئے جارہے ہیں، بشریٰ بی بی کو ہدف بنانے کا واحد مقصد بانی چیئرمین عمران خان کے حوصلوں کو توڑنا اور انہیں جھکنے پر مجبور کرنا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کھانے میں زہریلے مواد کے باعث محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرات نہایت تشویش کا باعث ہیں، بشریٰ بی بی کو فوراً رہا کیا جائے اور انہیں شوکت خانم اسپتال میں موجود ان کے قابلِ بھروسہ ڈاکٹرز سے فوری طبّی معائنے کا بنیادی حق دیا جائے، بشریٰ بی بی کوکسی قسم کا گزند پہنچا تو ذمہ دار جیل انتظامیہ/حکام اور ریاست ہوں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کی حقیقی آزادی، دستور کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے بے مثال استقامت دکھانے پر بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی محترمہ اہلیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔