کہا تھا ن میں سے ش نکلے گی، سیاست اب شہباز شریف کی چلے گی نواز شریف کی نہیں، شیخ رشید

حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، دیانتداری سے سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو آگے جانا چاہیئے، 27 رمضان کو مقتدر حلقے غریب لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کریں۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بہت پہلے کہا تھا شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے تین مقدمات کی تین تین نقول ہمیں فراہم کردی گئی ہیں، ہمارے خلاف 9 مئی کے 17 کیس چل رہے ہیں، 11 کیس دہشتگردی عدالت میں ہیں وہاں آئندہ سماعت پر بھی پیش ہوں گے، ہمارے تمام کیس ٹرائل ہوں ہم رہائی کی بھیک نہیں مانگتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، کیوں کہ غریب کی حالت بہت خراب ہے، ہم دیانتداری سے یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو آگے جانا چاہیئے اور لوگوں کو معافی ملنی چاہیئے، جیلیں بھری ہوئی ہیں جو بے گناہ لوگ ہیں ان کو خدا کے لیے آزادی دیں، 27 رمضان کو ہمارے مقتدر حلقے ایک بڑی عام معافی دیں تاکہ غریب کی مائیں جو گھروں میں رو رہی ہیں ان کو سکون ملے اور ان کے بچے واپس آجائیں۔
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بہت پہلے کہا تھا ن میں سے ش نکلے گی، نواز شریف کی سیاست کی جگہ اب شہباز شریف نے لی ہے، جو میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔ قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ابھی سیاست نہیں کر رہا، رمضان کے بعد دیکھیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی تو میں کوئی تبصرے نہیں کر رہا، جیتے ہوئے لوگوں کا انٹرویو کریں میں تو ہارا ہوا ہوں، میں الیکشن میں اپنی ہار کو تسلیم کرتا ہوں، فی الحال میں کسی سیاسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوں، حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے رمضان کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کروں گا۔