ہر بری نظر کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی، وزیراعلیٰ پنجاب

میرا خواب ہے پاکستان میں اکثریت اور اقلیت سب مل کر رہیں ،آپ سب کے لئے مجھ سے جو ہوسکا کروں گی۔ ایسٹر کی تقریب سے خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر بری نظر کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی۔ ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتی ہوں،آج آپ کی خوشیوں میں شریک ہونے آئی ہوں، مریم آباد سے گزرتی تھی تو دل کرتا تھا یہاں آکر دیکھوں، جس محبت سے آپ نے استقبال کیا اس پر بہت شکریہ، آج جتنی خوشی محسوس ہورہی ہے لفظوں میں بیان نہیں ہوسکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے مسیحی برادری کو ہیپی ایسٹر کہتی ہوں، ہم کسی بھی تفریق کے بغیر سب پاکستانی ہیں، جسٹس کارنیلیئس انصاف کی وجہ سے پہچانے جاتےتھے، میرا خواب ہے کہ پاکستان میں اکثریت اور اقلیت سب مل کر رہیں، ہر بری نظر کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی، آپ سب کے لئے مجھ سے جو ہوسکا کروں گی۔
اسی طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا موقع فراہم کرتا ہے، انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے ایسٹر 2024کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس پرمسرت موقع پر پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کیلئے متحد ہو کر کام کریں، آئیں ہم مل کر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، آج کے دن ایک بار پھر سے ہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہماری تمام مسیحی برادری کو پرامن ایسٹر مبارک ہو۔