اسلام آباد کی عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، شاہ محمود قریشی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے تھانہ کورال میں درج مقدمہ کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور اور شاہ محمود قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو بری کردیا گیا۔ان پر پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ پر درج مقدمات تھے ۔عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔ عدالت نے فیصل جاوید خان اور علی نواز اعوان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا۔ عدالت نے کیس کو 20 مئی کو دوبارہ سماعت کیلیئے مقرر کردیا۔بانی پی ٹی آئی کو عدالت پہلے ہی حقیقی آزادی مارچ کے اس کیس سے بری کر چکی ہے۔