وزارتوں سے دستاویزی ریکارڈ طلب کیا جائے گا،کارکردگی اور اہداف کے بارے میں ان سے پوچھا جائیگا،وفاقی وزیر کی ن لیگی مرحوم کارکن عتیق الرحمان کی رہائش گاہ آمد،وفات پر تعزیت کااظہار کیا
لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اب وزارتوں سے باقاعدہ جواب لیا جائیگا ،کارکردگی اور اہداف کے بارے میں ان سے پوچھا جائیگا، پہلی بار وزارتوں سے دستاویزی ریکارڈ طلب کیا جائے گا۔لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکن عتیق الرحمان مرحوم کے گھر تعزیت کااظہار کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم اس حوالے سے بات کریں گے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کے بعد روپیہ مستحکم ہوا ہے، ان شا اللہ جون تک مہنگائی میں 3 فیصد کمی آجائے گی۔ معاشی مسائل کی وجہ سے مشکلات زیادہ ہیں، بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے دور کی وجہ سے معاشی مشکلات آئیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ نظریاتی کارکن پارٹی کا اثاثہ ہوتے ہیں، جماعتیں کسی مقام پر پہنچتی ہیں تو وہ نظریاتی کارکنان کی وجہ سے ہی پہنچتی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے اور ہمیشہ اپنے کارکن کی آواز بن کر کھڑی رہی ہے۔ پارٹی پر جب مشکل وقت تھا عتیق چوہدری کبھی پیچھے نہیں رہے، اگر کی جماعتیں کھڑی ہوتی ہے تو ایسے کارکنوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہوتا ہے، عتیق چوہدری مرحوم ہمارے مشکل وقت کے ساتھی تھے۔ جنہیں ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔آج میں وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پارٹی کے دیرینہ کارکن عتیق الرحمان مرحوم کے گھرآیا ہوں اور ان کے اہلخانہ سے عتیق الرحمان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ساتھ مخلص کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں ۔یاد رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے خودکشی کرنے والے کارکن چوہدری عتیق کے گھر پہنچے تھے اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیاتھا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفادار پرانا ورکر تھا، مسلم لیگ (ن) عتیق کے اہلخانہ کو دکھ کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔