ایشیاء پیسفک گروپ کے ممالک نے پاکستان کی حمایت کی ہے، پاکستان عالمی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے کونسل کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار کاافطار ڈنر کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی غیرمستقل نشست کیلئے امیدوار ہے، ایشیاء پیسیفک گروپ کے ممالک نے اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو وزارت خارجہ میں افطار ڈنر میں خوش آمدیدکہناباعث اعزاز ہے، افطار ڈنر میں سفارتی برادری کی شرکت پر شکرگزار ہوں۔
دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے رمضان کے مقدس مہینے کی خاص مذہبی اور سماجی اہمیت ہے، ہم آہنگی اور مشترکہ سوچ کیلئے بات چیت اور تعاون اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن مساواتاور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے، پاکستان کثیرالجہتی ، امن اور ترقی وخوشحالی کا علمبردار رہے گا۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان 2025 اور 2026 کیلئے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی غیرمستقل نشست کیلئے امیدوار ہے، ایشیاء پیسیفک گروپ کے ممالک نے اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی ہے۔
پاکستان کی حمایت پر ہم ان مماک کے بے حد مشکور ہیں ، پاکستان سلامتی کونسل میں غیرمستقل نشست کیلئے تمام ممالک کی حمایت کا خواہاں ہے۔ پاکستان عالمی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے کونسل کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں ہمیں غزہ کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیئے، غزہ کے مسلمانوں کو گزشتہ 6ماہ سے بھوک اور جنگ کا سامنا ہے، غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا وقت آگیا ہے۔
جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کیا ہے۔سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیرسمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ماسکو اور بشام میں ہونے والے حملے یاد دلاتے ہیں کہ دہشتگردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، پاکستان دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی شراکت داری کو فروغ دیتا رہے گا۔ امن کی جیت تک دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ ختم نہیں ہوگی۔