سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو ہسپتال میں داخل کر لیاگیا

پرویز الٰہی کی پسلیوں میں فریکچر ہے، آنکھ کے اوپر چوٹ کا نشان ہے،پرویز الٰہی کو امراض قلب سمیت دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں،پرویز الٰہی کو آفیسر وارڈ میں کمرہ نمبر 15 آلاٹ کر دیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پمزہسپتال کی انتظامیہ نے پرویز الٰہی کو ہسپتال میں داخل کر لیا ہے ،ڈاکٹروں نے طبعیت میں بہتری نہ آنے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب کوہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق پرویزالٰہی کے کچھ مزید ٹیسٹ کئے جانے ہیں جس کیلئے ان کا ہسپتال میں ایڈمٹ ہونا ضروری ہے ۔ سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی پسلیوں میں فریکچر ہے،سابق وزیر اعلی پنجاب کی آنکھ کے اوپر چوٹ کا نشان ہے،پرویز الٰہی کو امراض قلب سمیت دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں،پرویز الٰہی کو آفیسر وارڈ میں کمرہ نمبر 15 آلاٹ کر دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو پولیس چیک اپ کیلئے آج صبح اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو چیک اپ کیلئے پمز ہسپتال منتقل کیا، پرویز الٰہی کا پمزہسپتال میں میڈیکل چیک اپ کروایا گیا۔پرویزالٰہی چند روز قبل اڈیالہ جیل میں گرنے سے زخمی ہوئے تھے جس کی وجہ سے پرویز الٰہی کے سر، کمر اور آنکھ پر زخم آئے۔

چوہدری پرویز الٰہی کا پمز ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا اوران کا سی ٹی سکین بھی کیاگیا جبکہ ان کا ایم آر آئی کے ٹیسٹ بھی کئے گئے۔خیال رہے کہ 19 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پیش کی گئی جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گرگئے تھے، جس کے سبب انہیں معمولی فریکچر ہو گیا تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کے سر، کمر اور آنکھ پر زخم آئے تھے۔پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو قید کے دوران جیل میں پیش آنے والے حادثے کی شدید مذمت کی ہے، اس حوالے سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں قید میں رکھنے کا اس کے علاوہ کوئی جواز نہیں کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کے حقیقی آزادی کے ایجنڈے پر پوری ثابت قدمی سے کھڑے اور ظلم و لاقانونیت کے سامنے جھکنے پر ہرگز آمادہ نہیں، اس مبیّنہ حادثے کی تمام پہلووٴں سے تحقیقات کی جانی چاہئے اور جیل انتظامیہ میں سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ان کے خلاف قائم جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف ان کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گو ہے۔ اسی معاملے پر صوبہ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ڈاکٹرز کے ذریعے اڈیالہ جیل میں قید مرکزی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کے طبی معائنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی پر تشدد ثابت ہوا تو مریم نواز کیخلاف مقدمات درج کریں گے، چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کا رویہ تشویشناک ہے۔