اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے خودکش حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت کے بعد آج اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج ہونے والے اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی کل طلب کر لیا ہے جس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری حکام اور آئی جیز شریک ہوں گے، اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی کانوائے پر خودکش حملے میں 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ حملہ خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم اس کی تحقیقات جاری ہیں، حملے میں ہلاک ہونے والے 5 غیرملکی باشندے ہیں، گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جا رہی تھی کہ راستے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔