جناح ہاؤس حملہ کیس: ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم

لاہور: (نیوز ڈیسک) جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیسز سے متعلق ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت نے پراسیکیوشن کی سرزنش کر دی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں نامزد ملزمان سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ عائشہ علی بھٹہ اور احمر رشید بھٹی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عائشہ علی بھٹہ کی جانب سے رانا انتظار ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

عدالت نے ریکارڈ پیش نہ ہونے پر پراسیکیوشن کی سرزنش کی، فاضل جج نے ریمارکس میں کہا کہ دو دن دے رہا ہوں اگر ریکارڈ پیش نہ کیا تو ضمانتوں پر فیصلہ کر دوں گا۔

بعدازاں عدالت نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے کیسز میں نامزد ملزمان عائشہ بھٹہ اور احمر رشید بھٹی سمیت دیگر کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔