اجتماعات کو درپیش سکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتظامیہ کا مؤقف
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو 30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسےہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی میٹنگ میں پولیس، سپیشل برانچ اور آئی بی کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا، جن کے نتیجے میں شہر میں اجتماعات کو درپیش سیکورٹی تھریٹ کی وجہ سے اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسہ عام کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو درخواست دی تھی، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنی درخواست میں 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب یا 30 مارچ کو جلسہ عام کرنے کی اجازت مانگی گئی، اس ضمن میں تحریک انصاف کے جلسے کی درخواست ریجنل صدر اسلام آباد عامر مسعود مغل نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دی، پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں جلسہ عام کیلئے ڈی چوک، ایف نائن پارک یا پریڈ گراؤنڈ کی جگہیں مانگی گئیں اور کہا کہ تینوں میں سے کسی بھی جگہ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی جائے۔
بعد ازاں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام سے متعلق انتظامیہ کو درخواست پر 2 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا، اس سسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، فریقین کو سننے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو درخواست پر دو دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا، دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ہدایت کی کہ دو دن میں فیصلہ کر کے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل نے جلسے کی اجازت کی درخواست دائر کی، عامر مغل کی جانب سے شیرافضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جنہوں نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 23 مارچ کی رات 10 بجے اسلام آباد میں پر امن جلسہ کرنا چاہتے ہیں، اس سے متعلق این او سی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو 15 اور 18 مارچ کو درخواستیں دیں مگر تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، پی ٹی آئی عام انتخابات کے بعد اسلام آباد میں تین احتجاجی مظاہرے کر چکی ہے جو پر امن رہے۔
اپنی درخواست میں پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ معزز عدالت سے استدعا کی جاتی ہے 23 مارچ کو پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ، ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دی جائے، فریقین کو جلسے کے روز سڑکیں بند کرنے اور شرکاء کے خلاف پر تشدد کارروائی سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے جائیں۔