یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں، ضمنی انتخابات پنجاب میں بھرپور جلسے کریں گے

9 مئی کی رٹ لگانے والوں کو کہتا ہوں جوڈیشل کمیشن بنائیں، پتا چل جائےگا اس کے پیچھے محسن نقوی یا آئی جی پنجاب ہیں یا کوئی اور؟ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اور سابق اسپیکر اسد قیصر کا خطاب

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں ، ضمنی انتخابات پنجاب میں بھرپور جلسے کریں گے، 9مئی کی رٹ لگانے والوں کو کہتا ہوں جوڈیشل کمیشن بنائیں، پتا چل جائے گا اس کے پیچھے محسن نقوی یا آئی جی پنجاب ہیں یا کوئی اور ہے؟ انہوں نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وہ پاکستان بنانا ہے جس پاکستان کی بنیاد قائداعظم نے رکھی تھی، عہد کرتے ہیں کہ اگر کوئی سوچتا ہے کہ وہ مرضی سے پاکستان کو چلائے گااور مرضی کے فیصلے مسلط کرے گا، اگر کوئی سوچتا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے لوگوں کو ایک دوسری پارٹی میں بھیجے گا، تو میں کہنا چاہتا ہوں کہ وہ وقت ختم ہوگیا ہے۔
ضمنی انتخابات آرہے ہیں، پنجاب میں الیکشن کا شیڈول بنایا جائے، یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں ہے، ہم نے آئین قانون کے مطابق جدوجہد جاری رکھنی ہے، ہم عوام کے پاس جائیں گے، جلسے کریں گے ، ہم نے تو کبھی تشدد نہیں کیا، 9مئی کی رٹ لگانے والوں کو کہتا ہوں جوڈیشل کمیشن بنائیں ، پتا چل جائے گا کون ملوث ہے؟ کیا اس کے پیچھے محسن نقوی یا آئی جی پنجاب ہے یا کوئی اور ہے؟ یاد رکھیں ہمیں دیوار سے نہ لگائیں ہر چیز کی حد ہوتی ہے آپ تمام حدود کراس کرچکے ہیں، یقین سے کہتا ہوں کہ ہمیں کوئی خوف نہیں ، ہم پرامن لوگ ہیں لیکن اس حد تک نہ جاؤ کہ حالات تمہارے کنٹرول میں نہ رہیں۔
جب تک اپنا مینڈیٹ اور عوام کا حق واپس نہیں لیں گے، ہم تمہیں چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ یہ پاکستان ہمارا ہے، ہمیں افسوس ہے کہ سرحد پار ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں، انڈیا کے ساتھ پہلے سے بھی زیادہ تعلقات خراب ہیں، افغانستان کے ساتھ خراب تعلقات پر تشویش ہے۔ملک کو اس وقت ضرورت ہے کہ آئین قانون کیمطابق چلا جائے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید تھی کہ ملک کو آئین قانون کے مطابق چلائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، امید ہے اب بھی آپ اپنی غلطیوں کا احساس کریں گے۔آئین قانون کے مطابق فیصلے کریں تاکہ ملک آگے چل سکے۔ملک سے نفرتوں کا خاتمہ واحد لیڈر عمران خان کرسکتا ہے۔