سمندرپارپاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی گئی، خیبرپختونخوا یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے وسائل کی بچت ہوگی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور
پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخوا حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اہم فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت سمندرپارپاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی گئی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے وسائل کی بچت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی۔ جن سمندر پار پاکستانیوں کو خیبر پختونخوا سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں اب وہ اس آن لائن سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کردیا جائے گا۔ تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو اگاہ کرنے کے لئے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز کی طرف سے خیبرپختونخوا حکومت کے اس اہم اقدام کو بے حد سراہا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتی مشنز نے دوسرے صوبوں پر بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اس سہولت کی فراہمی پر زور دیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، خیبر پختونخوا حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں، خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں درکار تمام سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے، ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وقت اور وسائل کی بچت ہوگی۔