یوم پاکستان بانیان کی جدوجہد، ترقی کے اجتماعی سفرکوسلام پیش کرنے کا دن ہے: بلاول

کراچی : ( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ملک کے بانیان کی جدجہد کو اور ترقی کی جانب اجتماعی سفر کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم قراردادِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آج کے دن قوم اپنے بانی اجداد کی دور اندیشی، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قوم کے بانی اجداد نے ایک ایسے وطن کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہو۔

انہوں نے کہا کہ بانی اجداد کے نظریات بالخصوص قائد اعظم کے وژن کی پاسداری کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آج ہم شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بے خوف ہوکر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کاکہنا تھا کہ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث ہمارے لیے ان کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے سفر میں رہنمائی کی کرن ہے، آج کے دن ہر پاکستانی کو اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر امید، حوصلہ اور عزم کے ساتھ آگے بڑھیں، آئیے ہم سب اس یقین کامل سے آگے بڑھیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے۔