وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات

دہشتگردی کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور جنرل عاصم منیر کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں دہشت گردی کے خلاف جاری اینٹلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ملاقات ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی اجلاس سے قبل ہوئی، ملاقات میں آرمی چیف نے وزیراعظم کو اپنے دورہ سعودی عرب پر اعتماد میں لیا جس پر شہباز شریف نے پاک سعودی عرب تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، اس کے علاوہ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری اینٹلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس کے دوران سابق نگران وزرا کی جانب سے اپنے دور میں اٹھائے گئے اقدمات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے نگران حکومت میں بھی مؤثر کام کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے، عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے، اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی نگران کابینہ نے بھی شرکت کی، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہوئے، وفاقی وزراء نے بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کی۔