الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

15 اور 16 مارچ کو ایوان بالا میں الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا، جس کے تحت سینیٹ کی 48 نشستوں پر پولنگ 2 اپریل کو ہوگی، سینیٹ انتخابات کے شیڈول کا اعلان 14 مارچ کو ہوگا، سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگیاں آج سے حاصل کیے جاسکیں گی، 15 اور 16 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب سے 12,12 جب کہ اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کا انتخاب ہوگا، خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان اسمبلی سے 11,11 نئے سینیٹرز منتخب ہوں گے کیوں کہ سینیٹ کے 52 سینیٹرز 11 مارچ کو اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہو رہے ہیں، پنجاب، سندھ کے 12،12جب کہ سابقہ فاٹا کے 4 سینیٹرز ریٹائرڈ ہوں گے، خیبرپختوانخواہ اور بلوچستان کے 11،11 اور اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کی مدت پوری ہوگی، 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت سابقہ فاٹا کی 4 سینیٹ نشستوں پر دوبارہ انتخاب نہیں ہوگا۔
علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے انچارج سنٹرل الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر جلد از جلد انتخابات کرانے کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا، جس میں ان کی جانب سے سینیٹ کی خالی نشستوں پر جلد از جلد انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر کے نام اپنے خط میں سینیٹر تاج حیدر نے لکھا کہ اس وقت سینیٹ آف پاکستان کی گیارہ نشستیں خالی ہیں، اس لیے سینیٹ نامکمل ہے اور تعداد میں کمی تقریباً 10 فیصد ہے، الیکشن ایکٹ کا سیکشن 127 سینیٹ کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات سے متعلق ہے جب کہ اسی ایکٹ کا سیکشن 107 سینیٹ کے تمام انتخابات کا طریقہ کار بتاتا ہے جس کے تحت انتخابی شیڈول کے ہر مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے ایک دن سے زیادہ کا وقت نہیں دیا جاتا۔