عدالت کی بار بار ہدایت پر بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہیں لگوائی گئی، آئندہ سماعت پرسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جواب جمع کروائیں ،عدالت
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آبادنے عدالتی حکم عدولی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا ، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی بار بار ہدایت پر بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری نہیں لگوائی گئی، آئندہ سماعت پرسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل جواب جمع کروائیں کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔
عدالت نے حکم عدولی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔قبل ازیں آج جب اسلام آباد کی مقامی عدالت میں کیس کی سماعت شروع تو عدالت نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری لگانے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے شکوہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگائی گئی نہ عدالت میں پیش کیا گیا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کریں۔
جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اصولی طور پر عدالت میں پیش کرنا چاہیے، انہیں تحفظ دینا ریاست کی ذمے داری ہے۔جج نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگا کر ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کر دوں گا، اگر ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگائی تو مجھے خود فائل اٹھا کر اڈیالہ جیل جانا پڑے گا۔نعیم پنجوتھا کا کہناتھاکہ متعدد بار پروڈکشن آرڈر کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کرتے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کرنا چاہیے۔جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب نہ دیا تو توہینِ عدالت کی کارروائی ہو گی۔