شہبازشریف جعلی وزیراعظم بن گیا، کسی طور پر اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اسد قیصر

تحریک انصاف کو ملنے والے 3 کروڑ سے زائد ووٹوں کا عزت نہیں دی جارہی‘ ڈر ہے اس ملک میں بغاوت نہ ہو جائے‘ تمام سیاسی قوتوں کو اکھٹا کرکے بڑے پیمانے پر تحریک چلائیں گے۔ پی ٹی آئی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ شہبازشریف جعلی وزیراعظم بن گیا، کسی طور پر اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، 9 مئی واقعات کی ہم نے ہمیشہ مذمت کی، 9 نئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے، ہم تمام سیاسی قوتوں کو اکھٹا کریں گے، بڑے پیمانے پر قانون اور آئین کے مطابق تحریک چلائیں گے اور اگر حق نہیں ملتا تو سڑکوں پہ نکلیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت ملک کے سب سے بڑے سیاسی لیڈر ہیں، عمران خان پر غیر قانونی مقدمات بنائے گئے، ایک دن میں 14 ، 14 گھنٹے کیسز چلائے گئے، ایک دن میں دو دو عدالتیں لگا کر انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا گیا، ہم قرارداد جمع کروا رہے ہیں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر جتنے مقدمات ہیں وہ واپس لیے جائیں، شاہ محمود قریشی اور ہمارے دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اگلے اجلاس میں ہم اس قرارداد کو پاس کروائے گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ پہ ڈاکہ ڈالا گیا، فارم 45 الیکشن کمیشن کی دستاویزات ہیں، فارم 45 پر کوئی اور نتیجہ ہے جب کہ فارم 47 ہر کوئی اور نتیجہ ہے، ہم کسی طور پر اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اب ہماری جنگ صرف اپنی سیاست کے لیے نہیں ہے اب یہ جنگ ہماری قوم کے لیے ہے، ہمارا سب سے پہلا مطالبہ یہ ہے کہ آئین کے مطابق سب ادارے اپنی حدود ہیں رہیں، ہماری جدوجہد عدلیہ کو آزاد کروانے کی ہوگی، عدلیہ دباؤ میں آنے کی بجائے آزادنہ فیصلے کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے 180 سیٹیں چھینی گئیں، ہماری مخصوص نشستیں چھینیں گئیں، نواز شریف نے نعرہ لگایا کہ ووٹ کو عزت دو لیکن اب ان کا جعلی وزیراعظم بن گیا ہے، ہم شہباز شریف کو آئینی وزیراعظم نہیں مانتے، کراچی، اسلام آباد، پنڈی سمیت دیگر جگہوں کے ان کے ایم این ایز جانتے ہیں کہ وہ جیتے ہوئے نہیں ہیں لیکن ان کو جتوا دیا گیا اور تحریک انصاف کو ملنے والے 3 کروڑ سے زائد ووٹوں کا عزت نہیں دی جارہی، ڈر ہے اس ملک میں بغاوت نہ ہو جائے۔