آزاد حیثیت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بننے پر دکھ ہے،علی امین گنڈا پور

ایک ہفتے کی مہلت جس ایف آئی آر کا ثبوت نہیں وہ ختم کریں، اپنی اصلاح کریں اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں،نومنتخب وزیراعلیٰ نے تما م اراکین سے کرپشن نہ کرنے کا قرآن پر حلف بھی لیا

پشاور ( نیوز ڈیسک ) نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد حیثیت پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بننے پر دکھ ہے،ایک ہفتے کی مہلت ہے جس ایف آئی آر کا ثبوت نہیں وہ ختم کریں،اپنی اصلاح کریں اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی فلور میں اپنے پہلے خطاب میںوزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تما م اراکین سے کرپشن نہ کرنے کا قرآن پر حلف لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا جلد صاف و شفاف اوپن ٹرائل کیا جائے۔ ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ کسی فسطائیت میں نہیں ہوا،ہمارے لیڈر کا قصور یہ ہے کہ عوام اور پاکستان کی خودمختاری کی بات کی،ہمارے لیڈر نے قوم کیلئے 27سال جدوجہد کی،مطالبہ ہے کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے،ان کا کہناتھا کہ میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے۔
اصلاح نہیں کی تو سزا کیلئے تیار ہوجائیں۔الیکشن دھاندلی کی تحقیقات کیلئے سب سے پہلے ہمارے حلقے کھولیں۔چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر استعفیٰ دیں۔ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم اپنا حق لینا نہیں جانتے تو یہ ان کی بھول ہے۔ہم اپنا حق لینا بھی اور چھیننا بھی جانتے ہیں ۔اگر چاہتے ہیں ہمارا ہر پاکستانی محفوظ ہو تو ہمیں نظام بدلنا ہوگا۔نظام نہیں بدلیں گے تو کل یہ عوام ہمارا گریبان پکڑیں گے۔
ایسا نظام چاہتے ہیں جس سے کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے اور نہ کسی سے زیادتی ہو۔ہماری خواتین آج بھی جیلوں میں ہیں۔عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیکر یہاں بھیجا ہے۔علی امین گنڈا پورنے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ قوم جان گئی ہے کہ کون بار بار سلیکٹڈ بن کر آتے ہیں۔یہ سلیکٹڈ بن کر آتے ہیںاور لوٹ کر باہر چلے جاتے ہیں۔لیول پلیئنگ فیلڈ تو دور ہمیں فیلڈ میں ہی نہیں آنے دیا گیا۔قوم اورنوجوان کو حق چھیننے پر مجبور نہ کریں۔دعا ہے کہ اللہ مجھے اس جہاں اور قیامت کے دن بھی سرخرو کرے۔ہم انتقام نہیں چاہتے، یہ ملک اور ادارے ہمارے ہیں،ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کوئی بھی اس ملک میں زیادتی نہ کرسکے۔