صدر آئین کے مطابق ہی چلیں گے، اگرہمیں تعداد کے تناسب سے سیٹیں دی جاتیں تو تنازع پیدا نہ ہوتا،صدر نے الیکشن کمیشن کو وقت دیا کہ ایوان کو مکمل کرے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ
لاہور ( نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ قانون میں نہیں لکھا کہ کسی کی مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دی جائیں، صدر آئین کے مطابق ہی چلیں گے، اگرہمیں تعداد کے تناسب سے سیٹیں دی جاتیں تو تنازع پیدا نہ ہوتا،صدر نے الیکشن کمیشن کو وقت دیا کہ ایوان کو مکمل کرے۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین جس طرح الیکشن کے بعد 21روز کے بعد قومی اسمبلی کا اجلا س بلانے کے حوالے سے واضح ہے اسی طرح مخصوص نشستیں ملنے کے حوالے سے بھی واضح ہے، اگر تعداد کے تناسب سے سیٹیں دے دی جاتیں تو تنازع پیدا نہ ہوتا، قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ ایک جماعت جس کی سیٹیں دوسری جماعتوں میں بانٹ دی جائیں، اگر قانون کو آئین پر مقدم کرتے ہیں تو پھر ان نشستوں کو خالی چھوڑنا ہوگا۔
آئین اہم ہے، قانون میں اگر کوئی سقم ہے تو آئین کہتا ہے صدر مکمل قدم اٹھائے، صدر نے صرف اتنا کہا ہے کہ تین دنوں میں فیصلہ کرے، اور قومی اسمبلی کا اجلاس مکمل کریں ، تمام جماعتوں کو مخصوص نشستیں دیں اور پھر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں۔آئین واضح کہتا ہے کہ قومی اسمبلی کی تشکیل مکمل ہونی چاہیئے۔ میری اطلاع کے مطابق ایسی کوئی جماعت نہیں جس نے الیکشن کمیشن کو لسٹیں جمع کرائی ہوں۔
پروگرام میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء مصدق ملک نے کہا کہ اگر سیاسی طور پر دیکھا جائے تو پی ٹی آئی کہتی ہے کہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے ، میں نے کرکٹ میں باری لے لی ہے جب میں جیل سے باہر آؤں تو وکٹیں اٹھا کر بھاگ جاؤں گا، شہبازشریف نے خود کہا تھا کہ آئیں حکومت بنائیں، عمران خان نے کہا کہ ہم حکومت نہیں بنائیں گے، خورشید شاہ نے کہا ہم پی ٹی آئی سے ملنے اور مل کر حکومت بنانے کو تیار ہیں، لیکن عمران خان نے کہا ہم آپ کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنائیں گے۔
کہتے ہیں ہم قومی اسمبلی سے باہر کھڑے ہوکر اپنا وزیراعظم اور اسپیکر بنائیں گے۔ دوسری بات یہ ہے جب سنی اتحاد کونسل کو ڈھونڈا تو یہ ایک ایسی جماعت بھی ڈھونڈ سکتے تھے کہ جس نے الیکشن کمیشن میں اپنی نشستیں جمع کرائی ہوتیں۔ سنی اتحاد کونسل کے ایک رہنماء نے کہا کہ ہم نے کوئی لسٹ جمع نہیں کرائی ، مقصد بحران پیدا کرنا ہے۔ تیسرا آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا کہ پاکستان کو برباد کردو، واضح طور کہا ہم آئی ایم ایف کو خط بھیج رہے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ کرو، یہ کیا کھیل ہے؟ چلیں ہمیں سیٹیں نہ دیں، لیکن جو بھی فیصلہ ہوتا ہے ، ہم نے کہا آئین قانون کے مطابق ہمیں دے دیں، لیکن اگر نہیں دینی تو نہ دیں۔