جو چوری کا ووٹ لے کر اسمبلی تک پہنچے ہیں وہ پریشان ہیں،یہ ووٹ امیدواروں کے نہیں عوام کے ہیں جنہیں چھینا جارہا ہے،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ8فروری کے بعد اب تک پی ٹی آئی سے نشستیں چھینی جا رہی ہیں، 9 فروری کو دھاندلی کی جو تاریخ رقم ہوئی، اس کی مثال نہیں ملتی۔اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو چوری کا ووٹ لے کر اسمبلی تک پہنچے ہیں وہ پریشان ہیں۔
یہ ووٹ امیدواروں کے نہیں عوام کے ہیں جنہیں چھینا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ بھی پی ٹی آئی کو انصاف فراہم کریگی، قانونی طور اب تمام کارروائی سپریم کورٹ میں ہوگی، عوام سارا مینڈیٹ عدالت کے ذریعے واپس لیں گے، اگر عوام کے ووٹ کی حفاظت نہیں کرسکے تو پورے سسٹم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دینا چاہیے۔
گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو سمجھ آ گئی ہے کہ کیسے دھاندلی ہوئی، تمام 45 فارم منظر عام پر آ چکے ہیں۔
اب کوئی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے۔اس لئے الیکشن کمیشن کے چاہئے کہ فارم45کے مطابق نتائج جاری کئے جائیں۔علیمہ خان نے کہا کہ یہ ووٹ عوام کا ہے۔ جن لوگوں نے اس کی حفاظت کرنا تھی انہوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ہے۔ملک میں لاقانونیت کا بازار گرم ہے ۔پی ٹی آئی کے لوگوں کو دو سال سے پکڑا جارہا ہے، سزائیں دی جارہی ہیں، پی ٹی آئی کی خواتین کو بھی نہیں چھوڑاانہیں کئی مہینوں سے جیلوں میں بند کیا گیا ہے ۔
ملک میں انسانی حقو ق کو پامال کیا جا رہاہے ۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر 190 ملین پاوٴنڈ کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی گئی۔ دونوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے مقدمے کی سماعت کی۔عدالت نے58گواہان میں سے5گواہان کوآئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔مقدمے کی مزید سماعت 6مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔