حکومت سنبھالنے کے بعد عوام کی بہتری کیلئے تیزی سے کام کرنا ہوگا،سپیکر پنجاب اسمبلی باہر رہنے والے ممبران کو اندر آنے کی اجازت دے رہے ہیں
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماءاور نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ ملک میں مخدوش معاشی صورتحال ہے اب عوام کو ڈلیور کرنا ہو گا، حکومت سنبھالنے کے بعد عوام کی بہتری کیلئے تیزی سے کام کرنا ہوگا،پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی باہر رہنے والے ممبران کو اندر آنے کی اجازت دے رہے ہیں۔
نجکاری کا عمل تیز ہونا چاہیے اور ادارے بیچ کر آئی ایم ایف کا قرضہ اتارنا چاہیے، مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرنا ہوں گی۔وزارت ملنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھامجھے کوئی بھی وزارت ملے اس کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائیگا۔
پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔اراکین پنجاب اسمبلی سے حلف لینے کے بعد سپیکر اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں آپ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، دعا ہے اللہ آپکو اپنی منزل پر کامیاب کرے، اللہ حوصلہ دے ایک دوسرے کی بات سن سکیں۔اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ سیکرٹری اسمبلی کا کہنا تھا کہ کل سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیکرٹری اسمبلی کا کہنا تھا کہ آج پانچ بجے سے پہلے کسی وقت کاغذات نامزدگی سیکرٹری کے حوالے کئے جائیں گے ، پولنگ کیلئے دو پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے ، ایک امیدوار ہونے کی صورت میں پولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، نومنتخب سپیکر عہدے سنبھالنے سے پہلے اسمبلی کے روبرو حلف اٹھائیں گے۔پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی جبکہ اسمبلی کے اندر جانے والی گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی گئی۔اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ تمام اراکین اسمبلی،ایوان اور اجلاس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔