اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے ، وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت اور تنظیم کو احتجاج یا ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ضلعی انتظامیہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کیخلاف ہونے والے احتجاج کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت اور تنظیم کو احتجاج یا ریلی نکالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ہائی سکیورٹی زون کے اندر کسی ریلی یا جلوس کی اجازت نہیں ہو گی۔اسلام آباد انتظامیہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں ورنہ اسلام آباد پولیس احتجاجی سرگرمی میں شریک افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔
تمام جماعتوں کو عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ 144 کے نافذ العمل ہونے کی بابت پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ 8فروری کوہونے والے انتخابات عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کیلئے کہا ہے۔احتجاج کا اعلان پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے بھی کیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سربراہ سکندر سلطان راجہ سے مستفعی ہونے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوٴں نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کو 17 فروری کے احتجاج کیلئے باقاعدہ درخواست دیدی تھی۔ تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ سے نیشنل پریس کلب کے سامنے اجازت مانگی تھی۔