ایک ہفتے میں دالوں، گوشت، چینی سمیت22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہوکر 34.25 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.71 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 34 اعشاریہ 25 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں بائیس اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ گیارہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ 18 اشیاء قیمتوں میں استحکام رہا۔ رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں دال مونگ کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 73 پیسے، دال ماش ایک روپے 92 پیسے، بیف کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 12 پیسے بڑھ گئی۔
اسی طرح چینی ، آلو، ماچس، کیلوں سمیت 22 اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح چکن، انڈے سمیت گیارہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، انڈے 113 روپے 34 پیسے، چکن کی فی کلو 19 روپے 83 پیسے، پیاز 7 روپے 31 پیسے اور ایل پی کا گھریلو سلنڈر، گڑ، گندم کے آٹا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بریڈ، تازہ اورخشک دودھ سمیت 18 اشیاء کی قیمتیں مستحکم ریکارڈ ہوئیں۔
دوسری جانب ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی فی تولہ قیمت آج پھر بڑھ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت ایک ہزار 300 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 400 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار115 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 82 ہزار 99 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالر کے اضافہ کے بعد 2025 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔