انہوں نے کہا ہماری ترجیح ن لیگ کی بجائے پی ٹی آئی ہے‘ اس متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کیا، جیل میں عمران خان سے ملاقات میں بھی پی پی کی آفر سامنے رکھوں گا۔ رہنماء تحریک انصاف کی میڈیا ٹاک
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل خان مروت نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت سازی کے لیے آصف زرداری درمیانی لوگوں کے ذریعے رابطہ کرتے رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رات 11 بجے تک آصف علی زرداری درمیانی لوگوں کے زریعے مجھ سے رابطہ کرتے رہے، اس دوران انہوں نے کہا حکومت سازی کے لیے ن لیگ کی بجائے پی ٹی آئی ہماری ترجیح ہے، میں نے اس سے متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کیا اور کل جیل میں عمران خان سے ملاقات میں بھی پی پی آفر سامنے رکھوں گا۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ مریم نواز صرف 41 سیٹوں پر وزیر اعلی پنجاب بن رہی ہے، پہلے یہ خزانہ چوری کرتے تھے اب مینڈیٹ بھی چوری کررہے ہیں، ہم اپنا مینڈیٹ آپ کے حلق سے نکال کر عوام کو واپس کریں گے، عمران خان نے واضح پیغام دیا کہ اگر نگران حکومت اسی طرح مینڈیٹ چراتی رہی تو تو آئندہ جمہوری عمل پاکستان میں ختم ہو جائے گا، ہم حکومت بنانے کے لالچ میں ان جماعتوں کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ عثمان بزدار اور علی امین گنڈاپور کا کوئی موازنہ ہی نہیں ہے، بطور وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا انتخاب عمران خان کا دانشمندانہ فیصلہ ہے اور یہ فیصلہ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے، تحریک انصاف علی امین گنڈاپور کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
علاوہ ازیں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑے گا ان کا حال پرویز خٹک، محمود خان اور جہانگیر ترین جیسا ہوگا، پاکستان کی تاریخ میں بڑی ڈکیتی ہوئی، عدالت جانا قانونی حق ہے اور احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے، جماعت اسلامی نے کراچی میں پی ٹی آئی کی سیٹ چھوڑ دی، اپنی سیٹیں حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، ہمیں کسی پر عدم اعتماد نہیں، سارے امیدوار پارٹی کے ساتھ ہیں، جنہوں نے ہمیں چھوڑنا تھا وہ چھوڑ چکے ہیں۔