مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کی کوشیش تیز کردیں

نوازشریف نے مولانا فضل الرحمن سے تعاون مانگ لیا‘ سربراہ جے یو آئی ف کی مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کیلئے کوشیش تیز کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے کے رابطے جاری ہیں، اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فون کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی اور دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کی، جس پر جے یو آئی ف کے سربراہ نے اپنی جماعت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس موقع پر نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے پر اتفاق کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ مرکز میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کی کوشیش تیز ہوچکی ہیں اور اس مقصد کے لیے مسلم لیگ ن کےقائد نواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی آج اسلام اباد روانگی متوقع ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کریں گے، سابق وزیر اعظم کی اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حیسن سے بھی ملاقات متوقع ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف مرکز میں حکومت کیلئے ن لیگ کی دیگر اتحادی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں بھی حکومت سازی کیلئے باضابطہ رابطہ ہوا ہے، صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی، دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا اور عزم ظاہر کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔
مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر پی پی قیادت نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے، عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔