معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی برسی کل منائی جائے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف قانون دان اور مظلوموں کی آواز عاصمہ جہانگیر کی برسی کل( اتوار 11 جنوری )کو منائی جائے گی، عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ 27 جنوری 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کی علمبردار تھیں، انہوں نے خواتین کے حقوق کیلئے بھی جدوجہد کی۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ نے پاکستان میں مردوں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار رائے اور جمہوریت کے فروغ کیلئے بے مثال کردار ادا کیا، انہوں نے 1980ء میں اپنی بہن اور دیگر خواتین کے ساتھ ملکر خواتین کے تحفظ کیلئے خواتین کی وکالت کے پہلے ادارے کی بنیاد رکھی۔

مرحومہ عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ بھی رہیں جبکہ وہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہونیوالی پہلی خاتون وکیل بھی تھیں۔ عاصمہ جہانگیر کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کے کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ واضح رہےکہ عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ 11 فروری 2018ء لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی برسی کے موقع پر قانون دان برادری اور انسانی و خواتین کے حقوق کی تنظیموں کے زیر اہتمام متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔