پچھلے 5، 7 سال نقصان کرنے والی وائرل انفیکشن ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی ہے

نوازشریف کا وہ جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا جس نے بازی پلٹ دی تھی، 8 فروری کون لیگ گوجرانوالہ کی تمام 20 سیٹیں جیتنے جارہی ہے۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پچھلے 5، 7 سال نقصان کرنے والی وائرل انفیکشن ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی ہے، نوازشریف کاوہ جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا جس نے بازی پلٹ دی تھی، 8 فروری کون لیگ گوجرانوالہ کی تمام 20 سیٹیں جیتنے جارہی ہے۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کون لیگ گوجرانوالہ کی تمام 20 سیٹیں جیتنے جارہے ہیں۔
نوازشریف کو جب ملک سے جانا پڑا ، اور آپ چار سال ملک میں موجود نہیں تھے تو گوجرانوالہ نے ہمارا ساتھ نہیں چھوڑا ، گوجرانوالہ نے مریم نواز کا مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑا، کے بھائی میرے ساتھ کھڑے رہے، نوازشریف کی گوجرانوالہ میں وہ تقریر، وہ جلسہ اس نے بازی پلٹ دی تھی، وہ جلسہ بھی گوجرانوالہ میں ہوا تھا۔
میں کہنا چاہتی ہوں کہ گوجرانوالہ کے کریڈٹ پر ایک اور بات ہے، جو وائرل بیماری پاکستان میں آگئی تھی ، اس کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے مار بھگایا تھا، وہ لانگ مارچ یاد ہے جب وہ گوجرانوالہ سے گزرے تو ان کو نیویں نیویں ہوکر بھاگ کر یہاں سے نکلنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پچھلے پانچ سال وائرل بیماری اور انفیکشن ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی ہے ، اس بیماری نے بہت نقصان کیا۔ اس نے جھوٹا وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، نہیں دیں۔ لیکن میں گوجرانوالہ کے میدان کو گواہ بنا کر کہتی ہوں، کہ نوازشریف نے اگر ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا ہے تو دے گا۔ کسی نے کہا کہ 50لاکھ گھر دوں گا، گھر بھی نہیں دیا ، لیکن نوازشریف نے اگر وعدہ کیا تو گھر دے گا، اگر نوازشریف نے وعدہ کیا کہ گوجرانوالہ میں کوئی بے روزگار نہیں ہوگا تو نہیں ہوگا ۔
8فروری کا سورج پاکستان کی ترقی کی نوید لے کر آئے گا۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ کہتے ہیں مناظرہ کرو، میں کہتا موازنہ کرو، فیصلہ ہوجائے گا معمار نوازشریف ہے، ایک شخص کہتا تھا وہ فرشتہ ہے اور باقی چور ہیں لیکن کرپشن 140 پر چلی گئی، پی ٹی آئی کے دور ایک اینٹ نہیں لگائی گئی، اگر چاہتے ہو دوبارہ خوشحالی کا دور آئے تو 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔
انہوں نے گوجرانوالہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب نوازشریف کا دور آیا ہم نے نہ صرف ہسپتال کو مکمل کروایا بلکہ دل کے امراض کا سنٹر بنایا ، نوازشریف کی عظیم روایات ہیں کہ قوم کا پیسا غریب کی خوشحالی کیلئے کوئی بھی حکومت لگاتی ہے تو پھر اس اچھے منصوبے کو آگے لے کر چلنا چاہیے۔ جب 2013 میں نوازشریف نے اقتدار سنبھالا تو کرپشن کا گراف 141 پر تھا، لیکن جب اقتدار چھوڑا توکرپشن 117پر آگئی۔
پھر ایک دور آیا جس نے کہا کہ وہ فرشتہ ہے، کرپشن دوبارہ 140 پر چلی گئی، یہ کہتے ہیں مناظرہ کرو، میں کہتا ہوں موازنہ کرو، فیصلہ ہوجائے گا کہ نوازشریف معمار ہے یا کوئی ہے۔ دن رات جو چور چور کا ورد کرتا تھا، آج بھی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ آئی، کہا شہبازشریف کی مخلوط 13جماعتوں کی حکومت تھی،ایک سال میں کرپشن کا گراف گر کر7 پوائنٹس نیچے آئی ہے۔ پی ٹی آئی کے دور ایک اینٹ نہیں لگی لیکن کرپشن دوبارہ اوپر چلی گئی۔ نوازشریف کا دور آیا تو دوبارہ خوشحالی کا دور آئے گا، 8فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔