بانی تحریک انصاف پاکستانی فنانس پروفیشنلز کی نظر میں سب سے بہتر آپشن ہیں جو مشکلات کی شکار پاکستانی معیشت کی بحالی میں موثر قردار ادا کر سکتے ہیں، بلومبرگ کی سروے رپورٹ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے عمران خان سب سے بہترین آپشن قرار۔ تفصیلات کے مطابق بلومبرگ کی جانب سے ایک سروے رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان کے معاشی بحران کے حل کیلئے سب سے بہترین آپشن قرار دیے جانے والے لیڈر کا نام سامنے آیا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے فنانشل ماہرین کی اکثریت تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو ملک کے معاشی مسائل کے حل کیلئے سب سے بہترین آپشن سمجھتے ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق اس سروے میں 12 فنانشل ماہرین سے پاکستان کے معاشی مسائل کے حل کیلئے 4 سیاسی لیڈرز کو ریٹ کرنے کیلئے کہا گیا۔ ان 4 لیڈرز میں عمران خان، نواز شریف، بلاول بھٹو اور جہانگیر ترین کے نامل شامل کیے گئے۔
سروے کے دوران اپنی رائے کا اظہار کرنے والے فنانشل ماہرین سے 4 پاکستانی سیاستدانوں کو 1 سے 5 کے سکور کے درمیان ریٹ کرنے کا کہا گیا تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان کی رائے میں کون سا پاکستانی سیاسی لیڈر پاکستان کی معیشت بہتر سنبھال سکتا ہے۔
سروے میں رائے کا اظہار کرنے والوں میں پاکستان کے سب سے بڑے بروکریجز کے تاجر، ماہرین اقتصادیات اور تجزیہ کار شامل تھے۔ بلومبرگ کے اس سروے کے نتائج میں 44 پوائنٹس کے ساتھ عمران خان سرفہرست رہے، یعنی سروے میں رائے کا اظہار کرنے والوں کی اکثریت نے بانی تحریک انصاف کو ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سب سے بہترین آپشن قرار دیا۔ جبکہ 37 پوائنٹس کے ساتھ نواز شریف دوسرے، 22 پوائنٹس کے ساتھ بلاول بھٹو تیسرے اور 20 پوائنٹس کے ساتھ جہانگیر ترین چوتھے نمبر پر رہے۔
سروے میں رائے کا اظہار کرنے والے فنانشل ماہرین کی رائے میں عمران خان اپنی مقبولیت کی وجہ سے معاشی اصلاحات کو طویل عرصے کیلئے آگے بڑھانے کے قابل ہوں گے۔ سروے میں دوسرے نمبر پر آنے والے نواز شریف سے متعلق فنانشل ماہرین نے کہا کہ چونکہ قائد ن لیگ 3 مرتبہ وزارت عظمٰی کا تجربہ رکھتے ہیں، جبکہ انہیں فوج کی حمایت بھی حاصل ہے، اس لیے وہ بھی معاشی مسائل کے حل کیلئے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔