جو یہ کررہے ہیں اس کی وجہ سے عوام کا غصہ بڑھ گیا ،ووٹ کو استعمال کر کے عوام عمران خان سے اظہار یکجہتی کریں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کی غیر رسمی گفتگو
لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ کررہے ہیں اس کی وجہ سے عوام کا غصہ بڑھ گیا ہے۔ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار جیتیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کو بھونڈے طریقے سے سزائیں دی گئیں ہیں ، یاسمین راشد نے مزید کہا کہ فیصلہ کرتے وقت ضروری قانونی ضابطے بھی پورے نہیں کیے گئے۔
عوام سچائی سے بخوبی واقف ہوچکی ہے ۔ آٹھ فروری کو پی ٹی آئی کو کامیابی ملے گی،انہوں نے مزید کہا کہ عوام آٹھ فروری کو گھروں سے نکلے اور ووٹ کاسٹ کریں۔ ووٹ کو استعمال کر کے عوام بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کریں۔جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے انسداددہشت گردی عدالت کے جج سے اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے تین دن مانگ لیے۔
انہوں نے فاضل جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 3 دن کی اجازت دی جائے میں اپنے حلقے میں نواز شریف کے خلاف انتخابی مہم چلا سکوں کیونکہ اب ہمارہ انتحابی نشان بھی نہیں ہے لوگوں سے ووٹنگ کے لیے کمپین کرنی ہے جو کچھ ہوگا قانون کے مطابق ہوگا ۔
فاضل جج نواز شریف تو ایک ہزار بندہ اکھٹا نہیں کر رہا ہم لاکھوں لوگ اکٹھا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف میرے حلقے میں آکرمیرے بینر اتار رہے ہیں اگر میں حلقے میں گئی تو نوازشریف کی ضمانت بھی ضبط کرواں گی۔علاوہ ازیں 9مئی کو کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے مقدمے میں نامزد عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت 3فروری تک ملتوی کردی گئی،عدالت نے مزید سماعت 3فروری تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں گی۔