مذہبی جماعت نے این اے 53 اور پی پی 19 پر سابق وزیرداخلہ کو سپورٹ کرنے کا اعلان کردیا
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان کو آئندہ عام انتخابات میں جے یو آئی کی حمایت مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعیت علماء اسلام نے قومی اور پنجاب اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے والے چوہدری نثار علی خان کی حمایت کردی ہے، اس حوالے باضابطہ اعلان سابق وزیر داخلہ کے فوکل پرسن شیخ ساجد اور جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر ضیاء الرحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء الرحمان نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ این اے 53 پر جے یو آئی امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد کیا، جس کے بعد جے یو آئی نا صرف حلقہ این اے 53 بلکہ اس کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 19 پر بھی چوہدری نثار علی خان کی حمایت کرے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، اپنے انتخابی حلقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے ذاتی دوست ہیں وہ اس وقت مشکل سے گزر رہے ہیں ملک کے موجودہ حالات پر افسوس ہوتا ہے، میں کسی سیاسی جماعت کی دم پکڑ کر الیکشن نہیں جیتنا چاہتا اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگوں گا، اقتدار چاہئے ہوتا تو اہم ترین وزارتوں کو نہ چھوڑتا، میرے ووٹرز کو کبھی اپنے فیصلے پر شرمندگی نہیں ہوگی، کل ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے آج شکست کے خوف سے بغلگیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جونیجو دور حکومت میں ٹیکسلا کو تحصیل کا درجہ دلایا، اس حلقے میں بڑا ہسپتال بنایا، عوام کی خدمت کی، سکول و کالجز بنوائے، بجلی سوئی گیس کے منصوبے میرے دور میں مکمل ہوئے، عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، کسی کے پاؤں پکڑ کر نہیں عوام کا ہاتھ پکڑ کر انتخاب جیتوں گا کیوں کہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، اقتدار کی خاطر کسی کے دروازے پر نہیں گیا، مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو نہیں بھول سکتا، علاقے کے لئے خدمات ڈھکی چھپی نہیں۔