آج کا عدالتی فیصلہ انتخابات کے موجودہ حالات میں اس وقت آنا ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف سازش ہے، عوام کے ووٹ کے حق پر ڈاکہ مارنے کے مترادف ہے۔ جاوید ہاشمی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں سزا ملنے کی سخت مخالف کر دی۔آج سائفر کیس میں پانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10,10 سال قید کی سزا سنادی گئی، فیصلے سے پہلے کمرہ عدالت میں قائد پی ٹی آئی کا 342 کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔
جاوید ہاشمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہاکہ تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف آج کا عدالتی فیصلہ انتخابات کے موجودہ حالات میں اس وقت آنا ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف سازش ہے اور عوام کے ووٹ کے حق پر ڈاکہ مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مخدوم شاہ محمود قریشی اور عمران خان کے خلاف فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف آج کا عدالتی فیصلہ انتخابات کے موجودہ حالات میں اس وقت آنا ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف سازش ہے اور عوام کے ووٹ کے حق پے ڈاکہ مارنے کے مترادف ہے۔ میں مخدوم شاہ محمود قریشی اور عمران خان کے خلاف فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں.
— Javed Hashmi (@JavedHashmiJH) January 30, 2024
ادھر عمران خان کے وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی ٹرائل نہیں ہو رہا یہ زیادتی ہو رہی ہے۔ لگتا ہے انکو بہت جلدی ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا دی جائے۔ جیل ٹرائل کے تمام اصولوں کو پامال کیا جا رہا ہے ۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی کہ عدالت کو کس کا حکم ہے جلد از جلد فیصلہ سنانا ہے۔
یہ سب قانون اورآئین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور ہر طرح کے انصاف کے اصولوں کیخلاف ہے۔آئینی تقاضے پورے کئے جائیں، ہم عدالت کے سوا کس کے پاس جائیں،جو بھی جرم ہو مگر حق دفاع کا حق ختم نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاءصرف ایک دن مجبوری کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے ایسی کون سی جلدی تھی کہ آپ حق دفاع کا حق ہی ختم کر دیں۔