نوجوانوں کی رہنمائی نہ کی تو بہت بڑاچیلنج بن جائےگا، نوجوانوں کو سمت مہیا کردی تو ماضی کی محرومیاں ختم ہوجائیں گی، المیہ ہے کہ پچھلی حکومت کے اچھے منصوبے قبول نہیں کئے جاتے، صدر ن لیگ شہبازشریف کا نوجوانوں سے خطاب
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے،نوجوانوں کی درست رہنمائی نہ کی تو بہت بڑاچیلنج بن جائے گا،گر نوجوان نسل کو مناسب سمت مہیا کردی تو ماضی کی محرومیاں ختم ہوجائیں گی، المیہ ہے کہ پچھلی حکومت کے اچھے منصوبے قبول نہیں کئے جاتے۔
انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں زیادہ اضافہ نہیں ہوسکا، آئندہ حکومت کی ترجیح نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہوگی ، نوجوان شعبہ آئی ٹی میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے 76 برس گزر گئے ہم منزل سے بہت دور ہیں، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، مشاورت سے پالیسی بنائی گئی تو نوجوان نسل ملک کی قسمت سنوار دے گی، اگر نوجوان نسل کو مناسب سمت مہیا کردی تو ماضی کی محرومیاں ختم ہوجائیں گی، ہم کھیلوں ، ہاکی میں پیچھے چلے گئے کرکٹ میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔
یونیورسٹی اور انڈسٹری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ای روزگار اور دیگر شعبوں میں بھی آپریشنل ٹریننگ کی ضرورت ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کوحل کرنا ہم بڑی قدر کی نظر سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی ہرحکومت کا فرض ہے کہ صوبے کی حکومت کے ساتھ مل کر ادویات، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے مسائل کو حل کرنا ہم سب کا فرض ہے، وسائل کی کمی ہے، صرف ان پر تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔
جب اتحاد اور یکجہتی نہیں ہوگی تو پھر قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تیل ہے نہ گیس، ہمارا اثاثہ نوجوان نسل ہے۔ ہماری حکومت میں پانچ چھ سو بچوں کو چین بھجوایا گیا تھا، تاکہ وہ چینی زبان سیکھ سکیں، وہ واپس آکر سی پیک کیلئے کردار ادا کریں، سی پیک کا اگلا فیز مشترکہ سرمایہ ہوگی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں ہم نے اسکلز ڈویلپمنٹ بنائی اور ہزاروں بچوں کو ٹریننگ دی۔