آج جاری ہونے والے سیکیورٹی تھریٹ الرٹ کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں

پوری امید ہے کہ ایسے حالات نہیں ہوں گے جو انتخابات کے التوا کا سبب بنیں،نگران وفاقی وزیرِ مرتضیٰ سولنگی کی صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نگران وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جاری ہونے والے سیکیورٹی تھریٹ الرٹ کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ۔ لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہو گا تو ایسے الرٹ جاری ہوں گے۔ سیکیورٹی ادارے ایسی صورتحال میں حفاظتی انتظامات کریں گے، مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ 2008 اور 2013 کے انتخابات میں اس سے کئی گنا سنگین حالات تھے۔
اللہ پر یقین رکھیں اور سیکیورٹی اداروں پر اعتماد کریں۔ پوری امید ہے کہ ایسے حالات نہیں ہوں گے جو انتخابات کے التوا کا سبب بنیں۔آج اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں حملوں کا خدشے کے باعث تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا تھا، اسلام آباد کی متعدد یونیورسٹیاں اور اسکول بند کر دئیے گئے، حملے 22 سے 24 جنوری کے دوران کئے جاسکتے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے، حملے کیلئے خاتون خود کش بمبار کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تھریٹ حملے میں بتایاگیا کہ حملوں کی منصوبہ بندی کالعدم تنظیم کی جانب سے کی گئی ہے جس میں اسلام آباد کے بڑے تعلیمی اداروں میں حملہ کیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات سخت ہیں، انتخابی ریلیوں، جلوسوں میں احتیاط کی ضرورت ہے، پولیس اپنی طرف سے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری بروز جمعرات ہونگے جس کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شیڈول جاری کردیا گیا تھا۔
شیڈول کے مطابق تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد الیکشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست میں جاری کر دی تھی جبکہ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی 3 فروری تک مکمل کر لی جائیگی ۔ اس حوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پاکستان پرنٹنگ پریس کا دورہ بھی کیا تھا اور الیکشن کی طباعت و پرنٹنگ کا جائزہ لیا تھا۔