صدر مملکت کا لکی مروت حملے کے شہداء کے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ، شہداء کے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبرِ وجمیل کی دعا بھی کی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ وطن کیلئے جان کا نذرانہ دینے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر عارف علوی نے لکی مروت حملے کے شہداءکے لواحقین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ صدر مملکت نے 10 جنوری کے لکی مروت میں پاک فوج کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سپاہی محمد افضل اور ابرار حسین کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہداء کیلئے بلندی درجات اور ورثاءکیلئے صبرِ وجمیل کی دعا بھی کی۔
صدر مملکت نے شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی بھی کیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے دو سپاہی شہید ہو گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 جنوری 2024 کو ضلع لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر انداز میں کارروائی کی تھی۔
کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا جن کی شناخت آفتاب ملنگ اور مسعود شاہ کے نام سے ہوئی تھی ۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو بہادر سپاہیوں آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے 29سالہ محمد افضل اور ضلع مانسہرہ کے 27 سالہ ابرار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزیدکہنا تھاکہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہے گا کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔