تحریک انصاف کے رہنما جس راستے سے آئے اسی راستے سے انہیں باہر کیا جا رہا ہے

پی ٹی آئی میں وہ لوگ بھی ہیں جس پر دیرینہ پارٹی کارکن حیران ہیں کہ یہ کہاں سے آئے ہیں، کسی اور کے اشارے کے منتظر ہیں۔امیر حیدر ہوتی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جس راستے سے سیاست میں آئے۔ اسی راستے سے انہیں باہر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا اس وقت تین قسم کے لوگ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں ایک وہ لوگ جو پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں اور اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسرے وہ لوگ ہیں جو امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے اور تیسرے وہ لوگ ہیں جس پر دیرینہ پارٹی کارکن حیران ہیں کہ یہ کہاں سے آئے ہیں۔ یہ لوگ کسی اور کے حکم پر آئے ہیں اور کسی اور کے اشارے کے منتظر ہیں۔امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جس راستے سے سیاست میں آئے ہیں۔ اسی راستے سے انہیں باہر کیا جا رہا ہے۔
اگر پی ٹی آئی رہنما اس راستے کا انتخاب نہ کرتے تو شاید آج انہیں یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔دوسری جانب ملک کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ پی ٹی آئی جیسی بڑی پارٹی کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، یہ فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں بلکہ مذاق ہے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہا کہ 2018ء میں بلا مقابلہ ایم این اے منتخب ہوا تھا، اس بار این اے 149 کے لوگوں کے سامنے جھولی پھیلاؤں گا، میں کسی کے خلاف پراپیگنڈا کمپین نہیں چلاؤں گا، تاہم نواز شریف نے مجھے زیادہ معاشی نقصان پہنچایا۔
سابق رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اس بار ہونے والے انتخابات فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں بلکہ مذاق ہے، پی ٹی آئی بڑی پارٹی ہے، ان کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے لیکن الیکشن جیسے بھی ہیں، ہمیشہ پراسس کا حصہ بنتا ہوں، میرا کسی سے مقابلہ نہیں ہے، سب کے پاس وسائل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 149 سے سینئر سیاستداں جاوید ہاشمی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں، اس بات کا اعلان متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کیا گیا، ریٹرننگ آفیسر نے بتایا ہے کہ سینئر سیاستداں مخدوم جاوید ہاشمی کے این اے 149 سے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد منظورکیے گئے ہیں۔