ڈاکٹر یاسمین راشد کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا

راشد نبی ملک کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے آر و کے دفتر سے گرفتار کیا گیا

لاہور( نیوز ڈیسک ) 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ یاسمین راشد کے شوہر راشد نبی ملک کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے آر و کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔اسی طرح سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آںے والے بھائی فراز چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فراز چوہدری متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ فواد چوہدری نے جہلم سے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، احتساب عدالت سے اجازت ملنے کے بعد فواد چوہدری نے کاغذات نامزدگی پر دستخط کر دئیے جبکہ اپنے انتخابی امور کو سر انجام دینے کے لیے اپنے بھائی کو مختار خاص مقرر کر دیا۔
احتساب عدالت میں پیشی کے دوران سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جیل کے اندر سے الیکشن لڑنے کے حوالے مناسب احکامات کے لیے درخواست دائر کی جس میں موقف اپنایا کہ میں جوڈیشل کسٹڈی پر سنٹرل اڈیالہ جیل میں ہوں الیکشن کے امیدوار کے لیے الیکشن کمیشن میں کاغذات جمع کروانے ہیں اس حوالے سے اسٹام پیپر کے اجرا اور دیگر امور کے لیے اپنے بھائی فراز احمد کو پاور آف اٹارنی مقرر کرنا چاہتا ہوں عدالت نے فواد چوہدری کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر درخواست کی اجازت دی جس کے بعد کمرہ عدالت میں فواد چوہدری نے اسٹامپ پیپرز اور دوسرے کاغذات پر دستخط کیے فواد چودھری نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کی دونوں سیٹوں سے الیکشن لڑوں گا انہوں نے کہا کہ کسی کو نامزد نہیں کیا اگر الیکشن نہ لڑسکا تو گھر کے بڑے چودھری شہباز ہیں وہی فیصلہ کریں گے انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ حبائ فواد چوہدری اور بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ صرف ان کی الیکشن کمپین چلائیں گے۔