نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہیں، اس پر کوئی دوسری رائے نہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورتِ حال رہی ہے الیکشن ہوئے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔
وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی، جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، نج کاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے۔