’نوازشریف، شہبازشریف، بلاول بھٹو، آصف زرداری کو اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا‘

لوگ کہتے ہیں ووٹ اسے دیں گے جس کا نام کوئی نہیں لے سکتا۔ سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی گفتگو

ملتان( نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر اور ملک سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے نوازشریف کمپرومائز کرلیتے ہیں، سزا پوری قوم بھگتتی ہے، نوازشریف، شہبازشریف، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو اقتدار میں آتا نہیں دیکھ رہا۔ نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف طویل جنگ لڑی لیکن نوازشریف اپنی حیثیت میں کمپرو مائز کر لیتے ہیں، نوازشریف کے کمپرومائز کی سزا پھر پوری قوم بھگتتی ہے کیوں کہ جب آپ کسی کو ایکسٹینشن دیں گے تو آپ کی طاقت ختم ہو جاتی ہے۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ مجھے عمران خان پسند نہیں لیکن کیا کروں وہ کھڑا ہو گیا ہے، اب آپ اس کو جہاں مرضی بھیج دیں کچھ نہیں ہو سکتا، غریب آدمی کا برا حال ہے، ان کے پاس روٹی اور بچوں کو پڑھانے کے لئے پیسے نہیں لیکن جب حلقے کے لوگوں سے پوچھتا ہوں ووٹ کسے دو گے؟ وہ کہتے ہیں جہاں آپ کہیں گے، میں نے کہا نہیں سچ بتاؤ، میں تمہارا پیر بھی ہوں اس لیے سچ بتاؤ ورنہ بدعا دوں گا، جس پر وہ کہتے ہیں ووٹ اسے دیں گے جس کا نام کوئی نہیں لے سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار نہیں دینا چاہیئے کیوں کہ جو دیگر پارٹیوں کے انتخابات ہوتے ہیں اس حساب سے تو پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن بھی ٹھیک ہوا ہے، ویسے بھی اس سے زیادہ اور الیکشن کیا ہوتا ہے، اتنے نامساعد حالات میں اس سے بہتر الیکشن نہیں ہوسکتے تھے۔ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے جاوید ہاشمی کے خیالات سے شاید اکبر ایس بابر اتفاق نہیں کرتے اور اسی لیے انہوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست بھی دائر کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے، الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے، جس کے لیے الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔